حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ خدیجۃ الکبریٰ گمبہ سکردو بلتستان پاکستان میں جشنِ عید میلاد النبی، جامعہ کے سالِ چہارم کی طالبات کے چار سالہ اسلامی کورس کی تکمیل اور میٹرک بورڈ امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں تقسیمِ اسناد کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت مدرسہ کے مدیر اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید احمد شاہ الحسینی نے کی، جبکہ رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم اور ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے بطورِ مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں حجت الاسلام ڈاکٹر شبیر فصیحی، حجت الاسلام سید اظہر موسوی، حجت الاسلام شیخ رضا ناصر، سابق ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عابدین، سابق ڈائریکٹر اے ایس ایف حاجی غلام رسول، علمائے کرام، عمائدینِ علاقہ، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مولانا شیر محمد ناصری نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، جبکہ علمائے کرام اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیم کی اہمیت، طالبات کی علمی و اخلاقی تربیت اور معاشرے کی تعمیر میں تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوران طالبات نے نعت، منقبت، تواشیح اور تقاریر پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ادارے سے فارغ التحصیل طالبہ اور نائب تحصیلدار سب ڈویژن گمبہ سکردو، سیدہ لوبا نے بھی خطاب کیا اور مدرسے میں اپنے تعلیمی دور کے تجربات اور ادارے کی علمی و تربیتی خدمات کو شرکائے تقریب تک پہنچایا۔
رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے خطاب میں مدرسے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس بے سروسامان کے عالم میں اس ادارے کا آغاز ہوا تھا، آج وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معیاری تعلیمی اداروں میں شمار ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ادارے میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے، اس لیے مدرسے میں مزید جدت لانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دینی اور دنیاوی علوم میں تفریق کے قائل نہیں؛ ان کے نزدیک جو علم فلاحِ انسانیت کے لیے ہو، وہی حقیقی معنوں میں دینی علم ہے۔

انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ اپنے اے ڈی پی میں سے خصوصی طور پر مدرسے کے لیے فنڈ مختص کرنے کی کوشش کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے کہا کہ مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ میں آکر مجھے دلی خوشی ہوئی، جہاں دینی اور دنیاوی علوم کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں جس شعبے کا انتخاب کریں، اس میں کامیابی کے لیے مستقل مزاجی، محنت اور مسلسل کوشش کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی کی راہ میں مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم عزم اور محنت کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
آخر میں مدرسہ کے مدیر اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید احمد شاہ الحسینی نے تمام مہمانوں اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ محض ایک تعلیمی مرکز نہیں، بلکہ ان طالبات کے لیے ایک گھر کی حیثیت رکھتا ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر تعلیمی و رہائشی سہولیات کی محتاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی جذبۂ خدمت کے تحت طالبات کو ماہانہ صرف گیارہ ہزار روپے میں تعلیم کے ساتھ قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سولہ یتیم اور مستحق طالبات کے لیے تعلیم، خوراک اور ہاسٹل کی سہولیات مکمل طور پر مفت ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹر منور حسن کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے سولہ مستحق طالبات کے لیے اسکالرشپ اور آئی ٹی لیب کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی کی غرض سے خطیر رقم کا عطیہ دیا۔
انہوں نے القائم فاؤنڈیشن کے تعاون کو بھی سراہا اور ان تمام افراد و اداروں کا شکریہ ادا کیا جو مدرسے کی علمی و تربیتی سرگرمیوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ مدرسے میں قائم آئی ٹی لیب کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ